بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قطر پر حملے کا فیصلہ نیتن یاہو کا تھا، میرا نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر پر فضائی حملے کا فیصلہ ان کا نہیں بلکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ دوحہ پر یکطرفہ بمباری نہ تو اسرائیل کے مقاصد کو آگے بڑھاتی ہے اور نہ ہی امریکا کے مفاد میں ہے۔ ان کے مطابق امریکا نے اس فیصلے کی کبھی حمایت نہیں کی۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو ہدایت دی ہے کہ قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ ان کے بقول قطر ایک خودمختار ملک اور امریکا کا قریبی اتحادی ہے، جو امن قائم کرنے کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حکام نے قطری قیادت کو حملے سے پہلے آگاہ کر دیا تھا، تاہم قطر نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی حملے کی پیشگی اطلاع نہیں ملی۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے وضاحت کی کہ امریکی حکام کی کال انہیں دھماکوں کے بعد موصول ہوئی، اس سے پہلے نہیں۔