بنگلورو (اسٹاف رپورٹر) رینوکا سوامی قتل کیس میں گرفتار جنوبی بھارتی اداکار درشن تھگودیپا نے عدالت میں پیشی کے دوران جیل منتقلی کی درخواست مسترد ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر زہر دینے کا مطالبہ کر دیا۔
ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران درشن نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پیراپنا اگراہارا سینٹرل جیل سے بلاری جیل منتقل ہونا چاہتے ہیں کیونکہ وہ فنگل انفیکشن میں مبتلا ہیں اور ایک ماہ سے سورج کی روشنی نہیں دیکھ سکے۔ تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔
درخواست رد ہونے کے بعد اداکار نے عدالت سے کہا کہ اگر جیل منتقلی ممکن نہیں تو انہیں زہر دے دیا جائے۔ جج نے اس بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درشن کو متنبہ کیا کہ وہ آئندہ ایسے الفاظ استعمال نہ کریں۔ عدالت نے جیل حکام کو ہدایت دی کہ اداکار کو جیل کے اندر چہل قدمی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ درشن تھگودیپا پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ 33 سالہ رکشہ ڈرائیور رینوکا سوامی کو اغوا کے بعد تشدد کرکے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق مقتول درشن کا مداح تھا اور اس پر الزام تھا کہ اس نے اداکار کی قریبی ساتھی پویترا کو نازیبا پیغامات بھیجے تھے۔









