پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی ایک بار پھر انسانیت کی خدمت میں پیش پیش نظر آئیں، اس بار اُن کا رُخ تھا پنجاب کا ضلع قصور، جہاں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب نے زندگی کا نظام درہم برہم کر رکھا ہے۔
مون سون کے اس موسم میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کئی علاقے تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ درجنوں دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں، جہاں امدادی ٹیمیں بھرپور کوششوں کے باوجود ہر متاثر تک فوری رسائی حاصل نہیں کر پا رہیں۔
ایسے میں حدیقہ کیانی اپنے بیٹے کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں خود پہنچیں، جہاں نہ صرف انہوں نے متاثرین کی دلجوئی کی بلکہ عملی امداد بھی فراہم کی۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے لوگوں سے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کی۔
حدیقہ کیانی نے کہا کہ سیلاب نے صرف گھروں کو ہی نہیں، بلکہ لوگوں کے قیمتی اثاثے، روزگار اور جانور بھی نگل لیے ہیں۔ متاثرین اس وقت خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، اور زندہ بچ جانے والے بے زبان جانور بھی بھوک اور بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
گلوکارہ نے انسانیت کے ناتے ہر فرد سے اپیل کی کہ وہ ان مشکل وقت میں دل کھول کر مدد کریں، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جینے کا سہارا مل سکے۔
حدیقہ کیانی سیلاب متاثرین کی داد رسی کے لیے میدان میں آ گئیں








