ممبئی (نیوز ڈیسک)معروف بھارتی ٹی وی اداکار علی گونی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں صرف اس وجہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ انہوں نے ہندو مذہب کا مخصوص نعرہ نہیں لگایا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں علی گونی نے انتہا پسند عناصر کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذہب ہر شخص کا ذاتی معاملہ ہے، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ کسی پر مذہبی نعرے یا رسومات مسلط کرے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صرف وہی نہیں بلکہ ان کی قریبی دوست اور اداکارہ جاسمین بھاسن بھی نشانہ بن رہی ہیں کیونکہ وہ ہندو ہیں اور ان سے تعلقات میں ہیں۔
علی گونی نے خبردار کیا کہ اگر ان کی ماں، بہن یا دوست کے خلاف کچھ کہا گیا تو وہ خاموش نہیں رہیں گے۔
اداکار کے مداح بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر ان کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کے لیے تشویش کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔









