نیویارک: (شوبز ڈیسک) پاپ گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز نے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے ہر شعبے میں بہتری چاہتی ہیں اور آنے والے دنوں میں کسی بھی میدان سے پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلینا گومز نے اپنی ذہنی کیفیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ارتقائی عمل سے گزر رہی ہیں اور زندگی کے ہر تجربے کو اہمیت دیتی ہیں۔ ان کے بقول، کسی بھی عمل سے جذبات ابھرتے ہیں تو وہ متاثر ہوتی ہیں، اس کی اہمیت تسلیم کرتی ہیں اور پھر آگے بڑھ جاتی ہیں۔
سلینا نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ اگلے ایک یا دو برس میں وہ کہاں ہوں گی، لیکن اس وقت جو کچھ کر رہی ہیں، اسے مزید بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کریں گی۔
یاد رہے کہ سلینا گومز نے 2020 میں ایک کاسمیٹک کمپنی قائم کی تھی، جس کے ساتھ انہوں نے دماغی صحت اور تعلیم کی آگاہی کے حوالے سے اقدامات بھی کیے۔ اس کام کو مختصر عرصے میں بڑی پزیرائی ملی۔
گلوکارہ کے مطابق، شاید یہی ان کی زندگی کا سب سے اہم قدم تھا جس نے دوسروں کو یہ احساس دلایا کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔









