سپریم کورٹ نے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیشِ نظر ریٹائرڈ ججز کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں رجسٹرار سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کی منظوری سے وزارت داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ تمام ریٹائرڈ ججز کو تین تین پولیس اہلکاروں پر مشتمل سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ اُن کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ جو ججز وفات پا چکے ہیں، اُن کی بیواؤں کو بھی مساوی سکیورٹی فراہم کی جائے۔ مراسلے کے مطابق یہ پولیس اہلکار متعلقہ ضلعی پولیس افسر (DPO) کے ماتحت ہوں گے اور ان کی تعیناتی کا مکمل اختیار بھی اسی کے پاس ہوگا۔
سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ سے کہا ہے کہ متعلقہ سکیورٹی ایجنسیوں کو فوری طور پر اس بارے میں ہدایات جاری کی جائیں تاکہ اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔









