بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشوریا رائے کو عدالت سے بڑا ریلیف، آواز اور تصاویر کے غلط استعمال پر پابندی عائد

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو اپنی آواز اور تصاویر کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے نامناسب مواد میں استعمال کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔

اداکارہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اداروں اور افراد کو حکم دیا کہ ایشوریا رائے کے چہرے یا آواز کو بغیر اجازت استعمال نہ کیا جائے۔ عدالت نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار ہونے والے ایسے تمام مواد پر بھی پابندی لگادی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ کسی بھی شخص کی ذاتی خصوصیات جیسے چہرہ یا آواز کا بغیر اجازت اور نامناسب استعمال اس کے حقِ رازداری کے ساتھ ساتھ باعزت زندگی گزارنے کے حق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے بھی ایسی ہی درخواستیں دائر کی تھیں تاکہ بغیر اجازت ان کی آواز یا تصاویر کو تشہیری مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔