نیویارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے دو ریاستی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔
قرارداد کے حق میں 142 جبکہ مخالفت میں صرف 10 ووٹ آئے۔ امریکا اور اسرائیل نے قرارداد پر ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ سات صفحات پر مشتمل اعلامیہ جولائی میں سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا نتیجہ ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے دو ریاستی حل سے متعلق اعلامیہ مسترد کر دیا ہے۔
فلسطین کی وزارتِ خارجہ نے جنرل اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا اور سعودی عرب و فرانس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نیویارک اعلامیے کو عملی منصوبے میں بدلنے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی نوآبادیاتی قبضے کے خاتمے کے لیے تمام میکنزم کو فعال کیا جائے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو یقینی بنایا جائے۔









