ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کی ذمہ داری کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کے گینگ نے قبول کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب صبح تقریباً ساڑھے چار بجے بریلی کے سول لائنز میں پیش آیا، جہاں اداکارہ کے گھر کے باہر متعدد گولیاں چلائی گئیں۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
گینگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ہندی زبان میں پیغام جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فائرنگ دیشا پٹانی اور ان کی بہن خشبو پٹانی کی جانب سے مذہبی شخصیات کی مبینہ توہین کے ردعمل میں کی گئی۔ پیغام میں مزید کہا گیا کہ یہ صرف ایک ٹریلر ہے اور آئندہ اگر کسی نے دھرم کی توہین کی تو کسی کو زندہ نہیں چھوڑا جائے گا۔
خشبو پٹانی نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے انتہائی پریشان کن قرار دیا۔ اطلاعات کے مطابق تنازع کی اصل وجہ خشبو پٹانی کے وہ بیانات ہیں جو انہوں نے مذہبی رہنما انیرُدھ آچاریہ کے خواتین اور لِو اِن ریلیشن شپ پر متنازع تبصروں کے خلاف دیے تھے۔ ان بیانات کو بعد میں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے پریمانند مہاراج کی توہین کی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سوشل میڈیا پیغام کی صداقت جانچنے کے ساتھ ساتھ اداکارہ کے گھر کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاندان کی حفاظت اولین ترجیح ہے









