اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)روس اور یوکرین میں راہداریاں کھولنے پر اتفاق کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں کا انخلا جاری ہے۔
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 35 ہزار افراد نے انخلا کیا، کیف کے گرد و نواح، اینر ہودر اور سمی کی راہداری سے انخلا کی اجازت ہے۔
صدر زیلینسکی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے انخلا کے لیے مزید 3 راہداریاں بنائی جائیں گی، یوکرین کی جنوب مشرقی سرحد پر 2 اور مشرقی سرحد پر ایک راہداری بنائی جائے گی۔
روس اور یوکرین نے گزشتہ روز مزید راہداریاں کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ یوکرین سے اب تک 21 سے 22 لاکھ شہری انخلا کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملوں کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک دونوں جانب سے ایک دوسرے کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔