سوشل میڈیا پر اپنی منفرد شخصیت کے باعث مشہور ہونے والے چاہت فتح علی خان نے انگلینڈ میں اپنے ساتھ پیش آئے انڈے مارنے کے واقعے پر خاموشی توڑتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا — اور اس سازش کے پیچھے خود ایونٹ آرگنائزرز کا ہاتھ ہے۔
اپنی ایک تازہ ویڈیو میں چاہت فتح علی خان نے تفصیل سے واقعے کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک کیفے کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران کیفے انتظامیہ نے ان سے کہا کہ وہ کیفے کے ملازمین کے ساتھ باہر جا کر تصاویر بنوائیں۔ لیکن جیسے ہی وہ باہر گئے، ایک شخص نے ویڈیو بنانی شروع کی اور اچانک دو افراد نمودار ہو کر ان پر انڈے پھینک کر بھاگ گئے۔
چاہت فتح علی خان کے مطابق یہ تمام منظر کیفے کے سکیورٹی گارڈ نے کیمرے میں ریکارڈ کیا، اور بعد میں یہی ویڈیو کیفے کی آفیشل سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی، جہاں سے یہ وائرل ہو گئی — مگر پھر خاموشی سے ڈیلیٹ بھی کر دی گئی۔
جب انہوں نے انتظامیہ سے اس ویڈیو کا مطالبہ کیا تو جواب ملا کہ کچھ ریکارڈ نہیں ہوا۔ لیکن ان کے مطابق یہ بات خود اس بات کا ثبوت ہے کہ واقعہ منظم طریقے سے کیا گیا اور ویڈیو اپ لوڈ کر کے وائرل کرنا اسی سازش کا حصہ تھا۔
چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مزید شواہد بھی موجود ہیں، جو وہ جلد پولیس کو فراہم کریں گے اور ایونٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چاہت فتح علی خان نے انگلینڈ میں اپنے ساتھ پیش آئے واقعے پر خاموشی توڑدی








