بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جامع پلان طالبان حکومت کے حوالے
پاکستان اور طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کا سلسلہ استنبول، ترکی میں مکمل ہوا، جہاں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام تقریباً 9 گھنٹے تک باہمی بات چیت کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے مذاکرات میں 7 رکنی وفد بھیجا، جو افغان سرزمین سے دہشت گردی اور تربیتی کیمپوں کے خاتمے کے مطالبے پر اصرار کرتا رہا۔ اس دوران پاکستان نے طالبان حکومت کے سامنے ایک جامع مسودہ پیش کیا، جس پر طالبان حکام غور و خوض جاری رکھیں گے۔
مذاکرات کے دوران پاکستان نے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے حوالے سے اپنا واضح اور دو ٹوک موقف بھی پیش کیا۔ اس بات چیت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، سرحدی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پاک افغان امن مذاکرات کا پہلا دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوا تھا، جس میں طالبان کی درخواست پر پاکستان نے جنگ بندی میں توسیع دی تھی۔
سرحدی کشیدگی کے باعث چمن، خیبر، جنوبی و شمالی وزیرستان اور ضلع کرم کی سرحدی راہداریاں 14 ویں روز بھی بند ہیں، جبکہ طورخم، خرلاچی، انگور اڈہ اور غلام خان سرحد پر سیکڑوں مال بردار گاڑیاں پاکستان میں داخل ہونے کے منتظر ہیں۔