پنجاب کی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 36 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔
پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر نعیم رؤف کی زیرصدارت 39 ویں اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مختلف منصوبوں کے لیے فنڈز کی تفصیل کچھ یوں ہے:
زراعت کے فروغ کے لیے پوٹھوہار ریجن میں 7 ارب 30 کروڑ روپے
مری میں کشمیر بازار کی توسیع کے لیے 2 ارب 70 کروڑ روپے
نارووال سے کوٹ نائینان گرلز ڈگری کالج تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 1 ارب 14 کروڑ روپے
اسی اجلاس میں پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام کے تحت واٹر اور سینیٹیشن سہولیات کے لیے 7 ارب روپے، ساہیوال کے نارتھ زون میں واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے 12 ارب 94 کروڑ، ساؤتھ زون میں سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے 4 ارب 49 کروڑ اور ضلع ساہیوال میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 41 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے سیڈ منی کی فراہمی کا منصوبہ بھی حتمی منظوری کے لیے سی ڈبلیو پی کو بھیجا گیا۔ اس کے علاوہ ہائی پاور ٹریکٹر پروگرام 26-2025 اور جنوبی پنجاب میں کھجور کے باغات کی پروموشن کے پروگرام کے پوزیشن پیپرز بھی منظور کیے گئے۔
اجلاس میں مزید یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریمپنگ کراپ رپورٹنگ سروسز فار تحصیل لیول ٹیسٹیمیٹس اور ڈیولپمنٹ آف کراپڈ لینڈ فورکاسٹ انفارمیشن سسٹم کے پوزیشن پیپرز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 36 ارب روپے کی منظوری








