بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مریم نواز نے کےپی حکومت کا منصوبہ کاپی پیسٹ کیا ہے، بیرسٹر سیف کا ردعمل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے آئمۂ مساجد کے لیے وظیفہ مقرر کرنے کے فیصلے کو خیبرپختونخوا حکومت کے منصوبے کی نقل قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز نے خیبرپختونخوا حکومت کی طرز پر آئمہ مساجد کے لیے وظیفہ دینے کا اعلان کیا ہے، یہ کوئی نیا اقدام نہیں بلکہ “کےپی حکومت کے منصوبے کا ایک اور کاپی پیسٹ ورژن” ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں منصوبے اکثر کمیشن کی بنیاد پر شروع ہوتے ہیں اور وہیں اختتام پذیر ہو جاتے ہیں۔ اس کے برعکس خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ اسکیم کے تحت 17 لاکھ سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔
بیرسٹر سیف نے پیشکش کی کہ اگر مریم نواز واقعی عوامی فلاح کے منصوبوں پر سنجیدہ ہیں تو پنجاب میں صحت کارڈ اسکیم شروع کریں، “ہم اس منصوبے کے نفاذ میں ان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔”
خیال رہے کہ حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کی تقریباً 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کے لیے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جسے مذہبی طبقے نے سراہا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے اسے سیاسی نقل قرار دیا جا رہا ہے۔