بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر دفاع سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دفاعی و اسٹریٹجک تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی اور دفاعی و اسٹریٹجک امور میں جاری تعاون پر بات چیت کی گئی۔
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق وزیر دفاع نے ہائی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کی طرف سے تعلقات کو گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی مسائل، دفاعی تعاون اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں میں اضافے اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے بڑھانے کے لیے مزید ایئرلائنز شامل کرنے کے امکان پر بھی بات ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے تعمیری بات چیت کو جاری رکھنے اور پاکستان و برطانیہ کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔