وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ای چالان سسٹم کے تحت پہلے چالان کو معاف کیا جائے گا، لیکن ٹریفک قوانین کی دوبارہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ملاقات کی، جس میں آئی جی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق ای ٹکٹنگ سسٹم کے ذریعے 35 سرکاری گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جن میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، ریڈ لائیٹ کی خلاف ورزی، ٹینٹڈ گلاس کے استعمال اور موبائل فون کے غلط استعمال کے معاملات شامل تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری سب کی ذمہ داری ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پہلے چالان کو معاف کیا جائے، لیکن دوبارہ خلاف ورزی کرنے والے کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
آئی جی سندھ نے وضاحت کی کہ پہلے چالان کی صورت میں 10 دن کے اندر رابطہ کرنے پر فیس معاف کی جا سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 28 اکتوبر کو لیاری ایکسپریس وے پر پولیس گاڑی SPE-950 کا پہلا چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ پولیس کا جدید ای ٹکٹنگ سسٹم مؤثر ثابت ہو رہا ہے، اور قانون سب کے لیے یکساں ہے۔ انہوں نے شہریوں اور پولیس دونوں پر زور دیا کہ قانون کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ: پہلا ای چالان معاف، دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ لازمی








