بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کوہستان میگا کرپشن کیس: ماسٹر مائنڈ کے گھر سے مزید 20 کروڑ روپے برآمد

کوہستان میں 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے کارروائی کے دوران اس کیس کے مرکزی کردار قیصر اقبال کے گھر سے مزید 20 کروڑ روپے برآمد کیے ہیں۔ یہ رقم دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران، ہر بار 10 کروڑ روپے کے حساب سے برآمد کی گئی۔
اس سے قبل قیصر اقبال کے گھر سے ایک ارب 60 کروڑ روپے بھی برآمد ہوئے تھے، جو پینٹ کے ڈبوں میں چھپائے گئے تھے۔ اس بات کی نشاندہی قیصر اقبال کی گرفتاری کے بعد ان کی اہلیہ نے کی تھی۔
نیب کے مطابق قیصر اقبال سی اینڈ ڈبلیو ڈپارٹمنٹ اپر کوہستان میں اگست 2013 سے بطور کلرک اور بعد میں ہیڈ کلرک تعینات تھے۔ اس دوران وہ مبینہ طور پر جعلی دستاویزات تیار کر کے سرکاری خزانے سے اربوں روپے غیر قانونی طور پر نکالنے میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اربوں روپے قیصر اقبال کی اہلیہ اور ایک کنٹریکٹر ممتاز کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے، جبکہ اس اسکینڈل سے کئی بااثر شخصیات کے بھی فائدے اٹھانے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔