بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دیوالیہ پن کا خطرہ ٹل چکا، ملک کو بحرانوں سے نکالنا ترجیح،قوم پریشان نہ ہو، وزیراعظم

لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا اولین ترجیح ہے، دیوالیہ پن کا خطرہ ٹل گیا، مشکل وقت میں ڈیپازٹ پر چین کے شکرگزار ہیں ہیں۔
وزیر اعظم نے جوہرٹاؤن میں سینئر تجزیہ کار سلمان غنی کے گھر جاکر ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی،انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر سینئر صحافی سجاد میر، مجیب الرحمٰن شامی اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دن رات محنت کر کے ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے، ہم مشکل وقت سے نکل آئے ہیں، ہمیں چین کا ہمیشہ شکر گزار رہنا چاہیے، ڈیپازٹ جمع کرانے پر چین کے شکر گزار ہیں، دیوالیہ پن سے ہم نکل آئے ہیں،قوم پریشان نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کر برباد کر دیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی دھجیاں اڑائیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کو آج کل میں خود مانیٹر کر رہا ہوں، گیس کے بر وقت سودے نہ ہونے کہ وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جب گیس سستی تھی 3 ڈالر تک آگئی تھی تو پی ٹی آئی حکومت نے مجرمانہ غفلت سے کام لیا، منصوبوں کی تاخیر سے ملکی زراعت، صنعت اور ایکسپورٹس کو نقصان پہنچا، نواز شریف دور کےمنصوبے جو زیر تکمیل تھے ان میں تاخیر کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ جانے والی بس کے نالے میں گرنے سے 19 افراد کے جاں بحق ہونے پر کہا کہ گہرا دکھ اور رنج ہے، اللہ تعالی مرحومین کے درجات بلند کرے، میری تمام تر ہمدردیاں سوگواران کے ساتھ ہیں، زخمی افراد کو بہترین اور فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔