امریکا میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم تنظیموں پاکولی اور فورتھ پلر کے تعاون سے ایف پی سی سی آئی کے وفد کے اعزاز میں بزنس نیٹ ورکنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں تین امریکی بزنس چیمبرز کے ساتھ کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور تنظیمیں بھی شریک ہوئیں۔
اس تقریب کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو امریکی مارکیٹ میں متعارف کروانا، ٹرمپ ٹیرف وار کے اثرات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کو بزنس اور برانڈ بنانے کی طرف راغب کرنا تھا۔
پاکولی کے صدر توقیر آلحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی میں بزنس کے فروغ کا رجحان بڑھایا جا رہا ہے اور اگلے چند ماہ میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش بھی منعقد کی جائے گی۔
فورتھ پلر کے صدر فاروق مرزا نے کہا کہ امریکی چیمبرز کے تعاون سے پاکستانی مصنوعات کے فروغ پر کام جاری ہے۔ ان کے بقول، ہماری کوششوں سے نووا منرل اور چنار گروپ کے درمیان ایک سو ملین ڈالر کی ڈیل ممکن ہوئی، جس کا کریڈٹ ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین سہیل ملک، فورتھ پلر اور پاکولی کو جاتا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے وفد کے سربراہ ہمایوں راشد نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کی جا رہی ہیں اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کو بزنس میں شمولیت کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
تقریب کے آخر میں بزنس اور کمیونٹی کے فروغ میں خدمات دینے والے ممبران کو اعزازی ایوارڈز سے نوازا گیا۔









