کراچی(نیوزڈیسک) سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی بلاول ہاؤس کراچی آمد ہوئی جہاں انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وزیر آبپاشی نے پانی کی قلت کے مسائل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
آصف زرداری نے بلوچستان میں پانی کے بحران کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جبکہ آصف زرداری نے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان میں پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے، بلوچستان کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ صوبائی وزیر برائے آبپاشی محمد خان لہڑی بھی موجود تھے۔
بلوچستان کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، آصف زرداری








