اسلام آباد(صغیر چوہدری ) اسلام آباد میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کے لیے جاری طویل دھرنا اور احتجاج بے نتیجہ ختم کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ منگل کو ریڈ زون میں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پر امن احتجاج کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ منگل کے احتجاج میں پارلیمنٹرینز اور پارٹی کارکن بھی شریک ہوں گے۔ دھرنے کا مقصد عمران خان کی بہنوں سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے جیل انتظامیہ سے اجازت حاصل کرنا تھا، جس پر انکار کے بعد احتجاج کئی روز تک جاری رہا۔
دھرنے کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما، کارکن اور عمران خان کی بہنیں بھی شریک تھیں، جبکہ جیل سپریڈنٹ اور انتظامیہ نے پارٹی کے نمائندوں سے مذاکرات بھی کیے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مطابق آئندہ احتجاج منظم اور پر امن انداز میں ہوگا تاکہ عوامی مطالبات کی آواز اجاگر کی جا سکے۔









