اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے صرف 27 روز کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
اور منصوبے کے ارد گرد ہزاروں نئے پودے بھی لگائے گئے ہیں، جبکہ کشمیر کی مناسبت سے دو خوبصورت مونومنٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر وزیر داخلہ محسن نقوی، سی ڈی اے اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سال اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس منعقد ہوگی، جس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت بنانے اور بنیادی سہولیات بہتر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کی تکمیل ایس سی او کانفرنس اور دیگر اہم تقریبات کی تیاریوں کا ثبوت ہے، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا خوبصورت شہر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے ساتھ شہر کے ماحول کو بھی سرسبز و شاداب بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے پر ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت آنا تھی تاہم یہ منصوبہ بجٹ سے ڈھائی فیصد کم لاگت میں مکمل ہوا۔ میں اس شفافیت پر ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں:فیک نیوز کیخلاف سوشل میڈیا پر سخت ضابطہ کاری اور فیکٹ چیکنگ ضروری ہے، عطا تارڑ
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کو یہ توفیق اور ہمت عطا فرمائے کہ ہم سب مل کر بطور ایک ٹیم پاکستان کی شبانہ روز خدمت کریں اور اس ملک کو اقوام عالم میں ایک عظیم مقام دلائیں۔ یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ اگر اسی رفتار سے تمام معاملات آگے بڑھیں گے تو پاکستان کی رفتار کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔








