پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اس سال اسموگ کی سطح کم ترین ہے اور نومبر میں نیلا آسمان دیکھنا حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے۔
مریم اورنگزیب نے بیان میں بتایا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی طرف سے معمولی آلودگی کا امکان رہتا ہے، تاہم فصلوں کی پرالی جلانے کے بجائے اسے ایندھن کے طور پر استعمال کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ای پی اے نے صوبے میں 780 تعمیراتی سائٹس پر سپرنکلرز نصب کیے ہیں تاکہ دھواں کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مسلسل نگرانی کے نتیجے میں مجموعی فضائی حالات مستحکم ہیں، اسموگ اسکواڈز روزانہ کارروائیاں کر رہے ہیں اور فصلوں کی باقیات جلانے پر جرمانے کیے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ بھٹوں کی جدید انسپیکشن بھی کی جا رہی ہے، اور دوپہر میں شمال مشرقی ہوائیں زرعی علاقوں سے تھوڑا سا دھواں لا سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اسموگ کی کم ترین سطح اور نومبر میں نیلا آسمان دیکھنا حکومتی اقدامات کی کامیابی کی واضح مثال ہے۔









