کراچی میں بھتہ خوری کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) سی آئی اے کراچی نے سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں شہر بھر میں ہونے والی پیش رفت کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران کراچی میں بھتہ خوری کے مجموعی طور پر 171 مقدمات درج کیے گئے۔ تحقیقات کے بعد 75 مقدمات اصل بھتہ خوری کے ثابت ہوئے، جبکہ باقی 96 کیسز لین دین، زمین و پلاٹ کے تنازعات، ذاتی جھگڑوں اور دیگر نوعیت کے معاملات سے متعلق نکلے۔
ایس آئی یو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اصل بھتہ خوری کے 75 مقدمات میں سے 71 کو ٹریس کر لیا گیا، جس کے ساتھ ہی رواں سال کیسز ٹریسنگ کی شرح 95 فیصد رہی۔ ان مقدمات میں مجموعی طور پر 128 ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔
رپورٹ کے مطابق بھتہ خوری میں ملوث 6 ملزمان پولیس مقابلوں میں ہلاک ہوئے، جبکہ 14 ملزمان کو مقابلوں کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ مجموعی طور پر سال 2025 میں بھتہ خوری کے مقدمات میں 91 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو / سی آئی اے کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی اور کسی بھی ملزم کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
کراچی میں بھتہ خوروں کے خلاف کارروائیوں کی سالانہ رپورٹ جاری







