بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسحاق ڈار کا بھارت کی آبی جارحیت پر تشویش کا اظہار

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے دریائے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلیوں کے بعد بھارت کی پانی کو ہتھیار بنانے کی پالیسی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی وجہ سے پنجاب کے کسان اور عوام بے چینی کا شکار ہیں اور پاکستان میں سنگین معاشی اور انسانی بحران کا خطرہ ہے۔
اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سفارتی برادری کے لیے ہنگامی بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کو پیشگی اطلاع یا ڈیٹا دیے بغیر دریائے چناب میں پانی چھوڑا، جس سے زرعی اور شہری زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ کاروائی زرعی سائیکل کے حساس مرحلے میں پاکستان کی روزگار، خوراک اور معیشت کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے اور اسے معاہدے کی روح کے مطابق عمل کرنے پر مجبور کرے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی مکمل پاسداری کا پابند ہے اور پانی کو کبھی بھی ہتھیار نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا:پانی زندگی ہے، اسے ہتھیار نہیں بنایا جا سکتا، اور عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ معاہدے کی خلاف ورزی بند کرے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو نقصان نہ پہنچائے۔
یہ بیان عالمی کمیونٹی کو بھارت کی آبی جارحیت کے خطرات سے آگاہ کرنے اور پاکستان کی انسانی و اقتصادی سلامتی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دینے کے لیے دیا گیا۔