بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شدید دھند کے باعث موٹرویز کے مختلف حصے ٹریفک کے لیے بند

سینٹرل ریجن میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم۔2 لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند ہے، جبکہ موٹروے ایم۔3 فیض پور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم۔4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور۔سیالکوٹ موٹروے ایم۔11 پر بھی دھند کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، کیونکہ دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے۔
ادھر قومی شاہراہ پر بھی مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال کے علاوہ چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل سڑکوں کی صورتحال سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔