بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پشاور: داودزئی میں بڑا پولیس آپریشن، پانچ انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز مارے گئے

پشاور کے علاقے داودزئی میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان شدید فائرنگ کے بعد بڑا پولیس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس کے دوران پانچ انتہائی خطرناک اور مطلوب ٹارگٹ کلرز ہلاک ہو گئے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور دیگر اضلاع کی پولیس کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دے رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، تاہم ملزمان کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ رات کی تاریکی کے باعث آپریشن کو مشکلات درپیش رہیں، مگر پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا۔
آپریشن کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر رکھی ہے، جبکہ کسی بھی مشتبہ شخص کو فرار ہونے کا موقع نہ دینے کے لیے سخت نگرانی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی مکمل شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔