بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شیری رحمان: پانی پاکستان کی ریڈ لائن، بھارت باز نہ آیا تو پھر ہزیمت بھگتنے پر مجبور ہوگا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے رویہ نہ بدلا تو اسے بنیان مرصوص کی طرح ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شیری رحمان نے دریائے چناب پر بھارت کے دلہستی اسٹیج ٹو پن بجلی منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور پاکستان کے تسلیم شدہ آبی حقوق پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے اور عالمی اصولوں اور علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔
شیری رحمان نے بتایا کہ بھارتی منصوبے سے پاکستان کی آبی، زرعی اور ماحولیاتی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے اور یہ دفاعی و تزویراتی طور پر بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے، اور چناب میں پانی کے بہاؤ میں اچانک کمی اس آبی جارحیت کا واضح ثبوت ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کسی ایک ملک کی صوابدید پر نہیں ہے بلکہ یہ عالمی ضمانتوں کے تحت طے شدہ دستاویز ہے، اور دریاؤں پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کے سخت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اُجاگر کیا جائے گا اور بھارت کو بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری پر مجبور کیا جائے گا۔