بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچ بچیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے خودکُش بمبار بنانے کی کوشش، وزیر داخلہ سندھ کا انکشاف

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے انکشاف کیا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچ بچیوں کو خودکُش بمبار بنانے کی تربیت دے رہی ہیں اور والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کے آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔
کراچی میں اے آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان اور کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ضیا لنجار نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک ایسی بچی کو بچا لیا جو دہشتگردوں کی ذہن سازی کا نشانہ بنی تھی۔ دہشتگردوں نے اس بچی کو خودکُش بمبار بننے کے لیے تیار کرنے کی کوشش کی، لیکن اس کی بروقت نشاندہی کے باعث وہ محفوظ رہی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردوں کا بیانیہ مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے اور وہ سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست کے خلاف غلط معلومات پھیلا کر نوجوانوں کو اپنے منصوبوں کا حصہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاست بلوچ کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے بتایا کہ بی ایل اے کے اہلکار نے انسٹاگرام پر بچی سے رابطہ کیا، اسے واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا اور ریاست مخالف بیانیہ بنایا گیا۔ بچی کی مکمل ذہن سازی کی گئی تھی اور اسے کراچی سے باہر لے جایا جا رہا تھا، تاہم سیکیورٹی چیک کے دوران بچی کو بروقت پکڑ لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچی کم عمر ہونے کی وجہ سے قانونی طور پر ملزم نہیں سمجھی جاتی، اور اسے مکمل حفاظتی اقدامات کے تحت پروٹیکشن فراہم کی جائے گی۔