بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ کے تعلیمی اداروں میں بہتری کی گنجائش زیادہ ہے: بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تعلیم کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور سندھ کے تعلیمی اداروں میں بہتری کے لیے ابھی بھی کافی گنجائش موجود ہے۔
شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ دن صرف اسناد کی تقسیم کا نہیں بلکہ بلاتعطل علاج کی فراہمی اور عملی زندگی میں قوم کی خدمت کا دن بھی ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے صوبے کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دیں اور مشکل حالات میں قوم کے ساتھ کھڑے رہیں۔ بلاول نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا سب کا مقصد ہونا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مکمل تیاری ضروری ہے، کیونکہ ملک کو ہر دباؤ کے موقع پر ڈاکٹرز اور نرسوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے صرف بلڈنگ اور جدید مشینری سے کامیاب نہیں ہوتے، بلکہ طلبہ کی محنت اور اخلاقی اقدار ادارے کی کامیابی کا اصل معیار ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ لاڑکانہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔ انہوں نے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، اور 18ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ بےنظیر بھٹو نے 1989 میں یونیورسٹی کے قیام کا خواب دیکھا تھا جو 2009 میں مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چانڈکا میڈیکل کالج کی بنیاد 1973 میں رکھی گئی تھی اور ڈاکٹرز کی محنت سے علاج ممکن ہے، صرف انفرااسٹرکچر سے نہیں۔ مراد علی شاہ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈگری صرف آپ کی نہیں بلکہ ان مریضوں کی امید ہے جن کا آپ مستقبل میں علاج کریں گے۔