بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلاول بھٹو زرداری کا بیان پی ٹی آئی کے لیے پیشکش ہے: سید نیر حسین بخاری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا حالیہ بیان پی ٹی آئی کے لیے ایک پیشکش کے طور پر لیا جانا چاہیے۔
نیر حسین بخاری نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی جانب سے بھی مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ یہ کہتے ہیں کہ وہ اسٹریٹ پاور دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاست کرے تو یہ ان کے لیے بہتر ہوگا۔ نیر بخاری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، کیونکہ تناؤ کی صورت حال میں ملک اور قوم کو نقصان پہنچتا ہے، اور پیپلز پارٹی کی تاریخ ہمیشہ مسائل کے حل اور بہتری کی تاریخ رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو شدت پسندی کی سیاست ترک کر دینی چاہیے، کیونکہ یہ ملکی سیاست پر مثبت اثر ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے انتہا پسندی کی سیاست اختیار کی تو اس کے جواب میں سختی پر شکایت نہیں ہونی چاہیے۔