وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بروقت کارروائی نے کراچی کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون کو راستے میں ہی گرفتار کر لیا گیا، جس سے بڑے سانحے کا خدشہ ٹل گیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ بی ایل اے ذہن سازی کے ذریعے لوگوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرتی ہے اور یہ تنظیم ماہ رنگ بلوچ کی مکمل حمایتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے قیام کے بعد دہشت گردانہ مواد پر زیرو ٹالرنس اپنایا گیا ہے، اور بی ایل اے کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا خاتمہ نہ صرف گراؤنڈ پر بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں بلوچ بچیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے خودکش بمبار بنانے کی تربیت دیتی ہیں اور والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر نظر رکھیں۔ کراچی میں اے آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان اور کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ضیا لنجار نے بتایا کہ ایک بچی سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا گیا اور اسے خودکش بمبار بنانے کی تربیت دی گئی، لیکن سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی سے بچی کو اس انجام سے بچا لیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے کراچی میں بڑی تباہی روک دی: عطا تارڑ








