سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی سے 15 سالہ لڑکی ایمن کے اغوا سے متعلق درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے تمام فریقین سے 13 جنوری 2026 تک جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ایمن کو 10 نومبر 2025 کو کورنگی کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ والدہ کوثر بی بی کی مدعیت میں تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں شان نامی ملزم کو نامزد کیا گیا اور تفتیش انویسٹی گیشن افسر اعجاز احمد کے سپرد کی گئی۔
وکیل لیاقت علی گبول ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ایک ماہ اور 20 دن گزرنے کے باوجود نہ تو ملزم کو گرفتار کیا جا سکا اور نہ ہی مغویہ کی بازیابی عمل میں آئی۔ ان کے مطابق والدہ مسلسل تھانے کے چکر لگا رہی ہیں، مگر پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی۔
درخواست میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری اور مغویہ کی بازیابی کے لیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا، جس پر عدالت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو نوٹس جاری کر دیے








