وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کی سب سے بڑی معاشی قوت بن سکتی ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور حکومت نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت فراہم کرنے پر خاص توجہ دے رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اصل چیلنج نتائج کے حصول میں نظم و ضبط کی کمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ سے زائد ہے، سالانہ اقتصادی شرح نمو صرف 2.5 فیصد ہے، اور غربت کے خاتمے کے لیے پائیدار معاشی ترقی ناگزیر ہے۔
وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک کو مشترکہ طور پر تشکیل دینے کا مقصد محض پالیسی بیان نہیں بلکہ ایک عملی مالیاتی ڈھانچہ تیار کرنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فریم ورک میں خاص طور پر نوجوان خواتین پر توجہ دی جا رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے نیوٹیک اور ابتدائی اسٹارٹ اپ ٹیم کو تاریخی اجراء پر مبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ مراحل میں مزید نتائج پر مبنی فنڈنگ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز پر کام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے معاشی ترقی میں شامل کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ: نوجوان آبادی ہماری سب سے بڑی معاشی طاقت بن سکتی ہے








