بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی والوں کے لیے نئے سال کا تحفہ، کل سے ڈبل ڈیکر بسیں سڑکوں پر

کراچی کے شہریوں کے لیے نئے سال کی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں سندھ حکومت نے کل سے شہر میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو بہتر، آرام دہ اور جدید سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن سے ملانے کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن میں اورنج لائن ڈپو کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ اب مسافروں کو ڈبل کرایہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ ایک ہی کارڈ کے ذریعے گرین لائن اور اورنج لائن دونوں پر سفر ممکن ہوگا۔
شرجیل میمن کے مطابق یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی سروس ہے جس میں ایک ہی کارڈ مختلف لائنز پر قابلِ استعمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ روزانہ ایک لاکھ مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ڈبل ڈیکر بسوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ سروس ابتدائی طور پر تجرباتی بنیادوں پر شروع کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں بسیں ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی، جبکہ کرایہ پیپلز بس سروس کے برابر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بسوں سے سڑکوں پر جگہ بچے گی اور ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔
صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ چیف سیکرٹری سے بات چیت کے بعد مستقبل میں مزید ڈبل ڈیکر بسیں بھی متعارف کروائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن منصوبے میں درپیش مسائل وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر حل کر لیے گئے ہیں اور وہاں کام دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت نے چار کلومیٹر طویل اورنج لائن منصوبہ تیار کیا ہے، جبکہ الیکٹرک وہیکل (ای وی) بسیں بھی پہنچ چکی ہیں، جن کے لیے جلد نئے روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق یہ تمام منصوبے کراچی کے شہریوں کے لیے سہولت، آسانی اور بہتر سفری تجربے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔