بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی اسلامی مالیاتی نظام کا سنہرا باب

اسلام آباد (طارق محمود سمیر) — پاکستان نے اسلامی مالیاتی نظام کے میدان میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے معاشی استحکام اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر لیا ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے انقلابی اصلاحاتی اقدامات کے باعث پاکستان کا مالیاتی اور سرمایہ کاری کا شعبہ نہ صرف مستحکم ہوا ہے بلکہ نئی بلندیوں کو بھی چھو رہا ہے، جبکہ پاکستان کی اسلامی مالیاتی مارکیٹ تیزی سے ایک عالمی مرکز کی صورت اختیار کر چکی ہے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے سال 2025 میں سب سے بڑے سکوک (بانڈ) کے تاریخی اجرا نے عالمی مالیاتی میدان میں ایک نیا باب رقم کیا۔ وزارتِ خزانہ نے ڈیٹ مینجمنٹ آفس اور جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرز کے تعاون سے 2 کھرب روپے سے زائد مالیت کے سکوک جاری کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔ فکسڈ اور ویری ایبل ریٹ ریٹرنز کے تحت رواں سال ایک، تین، پانچ اور دس سالہ مدت کے 61 سکوک (بانڈ) کامیابی سے جاری کیے گئے۔
پاکستان کے پہلے گرین سکوک (بانڈ) کو سرمایہ کاروں کی غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی، جس کے باعث یہ 5.4 گنا سے زائد سبسکرائب ہوا۔ ان سکوک کے لیے جن کلیدی قومی اثاثوں کو بنیاد بنایا گیا، ان میں پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، ایئرپورٹس، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور دیگر اہم ادارے شامل ہیں، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2019 سے 2025 کے دوران سکوک (بانڈ) کے مجموعی اجرا کا حجم 8.7 کھرب روپے کے تاریخی ریکارڈ تک پہنچ چکا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی اسلامی مالیاتی مارکیٹ میں ایک مضبوط بنیاد، منظم قرضہ حکمتِ عملی اور واضح اسلامی مالیاتی روڈ میپ کی عکاس ہے۔
شریعت کے مطابق سرمایہ کاری میں بڑھتی ہوئی دلچسپی نے نہ صرف پاکستان کی اقتصادی بصیرت کو اجاگر کیا ہے بلکہ دیرپا اور پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار کی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی کے باعث پاکستان کا اسلامی سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبہ عالمی سطح پر ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد مقام حاصل کرتا جا رہا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک روشن اور امید افزا مستقبل کی نوید ہے۔