ایس آئی ایف سی کے انقلابی اصلاحاتی اقدامات نے پاکستان کے مالیاتی اور سرمایہ کاری کے شعبے کو استحکام فراہم کرتے ہوئے نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ پاکستان کی اسلامی مالیاتی مارکیٹ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بھی بے مثال مواقع پیش کر رہی ہے اور اب یہ مارکیٹ عالمی مرکز کے طور پر ابھری ہے۔ حکومتِ پاکستان مستقبل کے لیے مستحکم اور پائیدار اسلامی مالیاتی نظام کی تشکیل میں سرگرم ہے۔
2025 میں حکومت کی جانب سے سب سے بڑے سکوک بانڈ کے تاریخی اجرا نے عالمی مالیاتی میدان میں ایک نیا سنگِ میل عبور کر دیا۔ وزارتِ خزانہ نے ڈیٹ مینجمنٹ آفس اور جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرز کے اشتراک سے 2 کھرب روپے سے زائد سکوک بانڈ جاری کر کے ایک اہم کامیابی حاصل کی۔
رواں سال کے دوران 61 سکوک بانڈز جاری کیے گئے، جو ایک، تین، پانچ اور دس سالہ مدت کے لیے تھے، اور فکسڈ و ویری ایبل ریٹ ریٹرنز کے تحت سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے۔ پاکستان کے پہلے گرین سکوک بانڈ کی تاریخی کامیابی کے دوران یہ 5.4 گنا سے زائد سبسکرائب ہوا، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد اور دلچسپی کا مظاہرہ ہوا۔
کلیدی اثاثوں میں پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، ایئرپورٹس، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور دیگر اہم قومی ادارے شامل ہیں۔ سن 2019 سے 2025 کے دوران سکوک بانڈ کے مجموعی اجرا کا حجم 8.7 کھرب روپے تک پہنچ گیا، جو ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔
پاکستان کی اسلامی مالیاتی مارکیٹ میں یہ سنگِ میل نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کر رہا ہے بلکہ ملک کی مالیاتی مضبوطی اور اقتصادی ترقی کی نئی داستان رقم کر رہا ہے۔ شریعت کے مطابق سرمایہ کاری میں دلچسپی نے ملکی اقتصادی بصیرت اور دیرپا ترقی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ مضبوط میکرو اکنامک بنیادیں، منظم قرضہ حکمت عملی اور واضح اسلامی مالیاتی روڈ میپ نے ترقی کی راہ مزید ہموار کر دی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی مربوط اور مؤثر حکمت عملی کے باعث پاکستان کا اسلامی سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبہ اب عالمی سطح پر مستحکم اور معتبر مقام حاصل کر چکا ہے۔
پاکستان کا سب سے بڑا سکوک بانڈ جاری؛ عالمی مالیاتی میدان میں نیا سنگِ میل








