نادرا نے شہریوں کو فنگر پرنٹس کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے ایک اہم سہولت فراہم کی ہے۔ اب بزرگ شہری یا وہ افراد جو طبی مسائل کی وجہ سے فنگر پرنٹس کی تصدیق میں دشواری محسوس کرتے تھے، چہرے کی شناخت کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کروا سکیں گے۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایات پر قومی شناختی کارڈ قوانین میں ترمیم کی گئی ہے اور اب پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی چہرے کی شناخت سے بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس سہولت کا آغاز 20 جنوری سے تمام نادرا مراکز میں ہو گا، جہاں شہری معمولی فیس کے عوض چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ اگر کسی شہری کے فنگر پرنٹس کی تصدیق ممکن نہ ہو سکے تو وہ قریبی نادرا رجسٹریشن مرکز جا کر یہ سرٹیفکیٹ جاری کروا سکتا ہے۔
یہ سرٹیفکیٹ تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری ہوگا اور سات دن تک قابل استعمال ہوگا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ یہ نظام مکمل طور پر تیار ہے اور تمام متعلقہ سرکاری و نجی اداروں کو ضروری اقدامات کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 20 جنوری کے بعد شہری اس سہولت سے متعلق کسی بھی شکایت کے لیے متعلقہ ادارے سے رابطہ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ، ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوگی۔
نادرا نے فنگر پرنٹس کی دشواری ختم کرنے کے لیے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک سہولت متعارف کرا دی








