اسلام آباد(طارق محمود سمیر) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کی جانب سے عظمیٰ بخاری کے بارے میں دیے گئے بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے نہایت گھٹیا اور ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی گفتگو نہ پہلے قابلِ برداشت تھی اور نہ اب ہے، خصوصاً ایسے شخص کے لیے جو مشیر اطلاعات جیسے ذمہ دار عہدے پر فائز ہو۔
عطاء اللہ تارڑ نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے افراد کو اپنی زبان اور رویّے کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے اس بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ اپنی زبان کو لگام دیں اور بہن بیٹیوں کی عزت کرنا سیکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حد پار کی گئی تو عزت کروانا بھی ہمیں آتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاست میں اختلاف اپنی جگہ، مگر ذاتی حملے اور خواتین کے وقار کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے رویّوں کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔









