شدید دھند کے باعث بند کیے گئے موٹروے کے دو اہم سیکشنز کو اب ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
گزشتہ رات سینٹرل ریجن میں دھند کی شدت کے باعث متعدد موٹرویز اور شاہراہیں بند کی گئی تھیں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، جس کی تصدیق موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے ترجمان سید عمران احمد نے کی۔
انہوں نے بتایا کہ موٹروے ایم تھری (فیض پور سے جڑانوالہ تک) اور موٹروے ایم ٹو (لاہور سے ہرن مینار تک) اب حد نگاہ میں بہتری کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، لاہور ایسٹرن بائی پاس کو بھی رات کے وقت دھند کی شدت کی وجہ سے بند کیا گیا تھا۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاطی ہدایات بھی جاری کی ہیں:
دھند میں لین کی خلاف ورزی سے گریز کریں کیونکہ یہ حادثات کا بڑا سبب بن سکتی ہے۔
غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان حالات نسبتاً محفوظ ہیں۔
ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے بچیں اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 130 سے ہر وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔
موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے جاری ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ دھند کے دوران حادثات سے بچا جا سکے۔









