بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت کی ترجیحات کا مرکز عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے، اٹارنی جنرل پاکستان

لاہور: (نیوزڈیسک) اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان نے پنجاب حکومت کی کارکردگی اور عوامی فلاحی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت میرٹ اور قانون کی بالادستی کے لیے مؤثر اور بہترین اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جاری تعمیر و ترقی کے منصوبے عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لا رہے ہیں اور حکومت کی تمام ترجیحات کا مرکز عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے۔

وادی سون کے دورے کے موقع پر عوام کی جانب سے اٹارنی جنرل کا مختلف مقامات پر بھرپور اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ شرکاء نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور علاقے کی ترقی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے کوآرڈینیٹر حلقہ پی پی 81 ملک امیر حیدر سنگھا اور ملک عثمان الحق اعوان کے ہمراہ وادی سون کے پانچ لنک روڈز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اٹارنی جنرل ملک منصور عثمان اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن ہے کہ دور دراز علاقوں کو پختہ سڑکوں کے ذریعے شہروں سے منسلک کیا جائے۔ ان لنک روڈز کی تعمیر سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ کسانوں کو اپنی زرعی اجناس بروقت منڈیوں تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔