بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کو چین کیساتھ بےمثال دوستی پر فخر ہے، اسپیکر ایاز صادق

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسپیکر کی قیادت میں چین کا دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاک-چین سدا بہار دوستی، اسٹریٹجک شراکت داری، پارلیمانی رابطوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے اور یہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ رشتوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اسپیکر نے پاک-چین پارلیمانی روابط کے فروغ اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات دوطرفہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے اور 75 سال پر محیط پارلیمانی و سفارتی تعلقات دنیا کے لیے مثال ہیں۔

اسپیکر نے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے کو خطے کے لیے گیم چینجر قرار دیا اور سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر دوطرفہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں تیزی سے ترقی کرنے اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے ویژن کو خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے چیئرمین ژاؤ لیجی کی جانب سے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لیجی نے اسپیکر کے چین کے دورے کے تاثرات کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں روابط کو مزید فروغ دینے کی تجاویز سے اتفاق کیا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ چیئرمین ژاؤ لیجی نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔