اسلام آباد:(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سےفلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئیل آر فرنانڈیز نےملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فلپائن کو پاکستانی چاول کی برآمدات بڑھانے پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ تجارت نے پاکستانی چاول کے معیار اور مقدار کی یقین دہانی کراتے ہوئے قیمتوں میں مسابقت یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔ بتایا گیا کہ پاکستان طویل عرصے سے فلپائن کے لیے چاول کے تین بڑے سپلائرز میں شامل ہے اور پاکستانی چاول کے کوٹے میں مزید اضافے کے قوی امکانات ہیں۔
پاکستان اور فلپائن کے درمیان چاول کی فراہمی سے متعلق طویل المدتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) جلد متوقع ہے۔ آئندہ پاکستان۔فلپائن جوائنٹ اکنامک کمیشن اجلاس میں چاول تجارت سرفہرست ایجنڈا ہوگا۔
فروری میں فلپائن کی جانب سے متوقع چاول ٹینڈر میں پاکستانی شرکت کی بھی امید ہے۔ اس موقع پر پاکستانی کینو کی برآمدات اور ٹیرف سے متعلق مسائل بھی زیرِ غور آئے۔ دونوں ممالک نے زرعی تجارت میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔









