اسلام آباد: آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوگا، جس کی صدارت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کریں گے۔ اجلاس کا آغاز دوپہر 1:30 بجے ہوگا اور توقع ہے کہ کئی اہم فیصلے اس میں کیے جائیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن، ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد، فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل، چیف کمشنر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور آئی جی اسلام آباد شریک ہوں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر، منصوبے کے مسائل اور متوقع تکمیل کی تاریخ پر تفصیلی جائزہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ جیل اصلاحات ذیلی کمیٹی اور نیشنل پرزن ریفارم ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں اسلام آباد کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، سیف سٹی پروجیکٹ کے کردار اور ججز کی رہائش گاہوں کی سیکیورٹی پر بھی غور کیا جائے گا۔
مزید براں، پراسیکیوشن ونگ کی کارکردگی، چالانوں کی صورتحال، سزاؤں و بریت کی رپورٹس اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے معاملات پر بھی بات ہوگی۔
چیف جسٹس اور کمیٹی کے اراکین عدالتی کارروائیوں میں مؤثر اقدامات، دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے حفاظتی اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اہم فیصلے کریں گے، تاکہ اسلام آباد میں امن و امان کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس کمیٹی کا اجلاس آج، اہم فیصلوں کی توقع








