داتا دربار کے قریب جاری ترقیاتی کاموں کے دوران خاتون اور اس کے بچے کے مبینہ طور پر کھلے مین ہول میں گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اس واقعے کی مکمل، شفاف اور تفصیلی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی اپنی جامع رپورٹ اور سفارشات سمیت صرف 24 گھنٹوں میں وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی، جس میں حادثے کے ذمہ داروں کی نشاندہی بھی شامل ہوگی۔
کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کریں گے، جبکہ سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (اسپیشل برانچ)، اور ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمنسٹریشن) سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کنوینر اضافی اراکین کو بھی کمیٹی میں شامل کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور جو بھی فرد یا ادارہ ذمہ داری سے غافل پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
لاہور: داتا دربار سانحے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری نوٹس، 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب








