امریکی سفارتخانے نےفریڈم 250پروگرام کے تحت لیکچر سیریز باضابطہ طور پر شروع کر دی ہے۔ اس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ اور ڈیجیٹل معیشت کے مواقع سے آگاہ کرنا ہے۔
سلسلے کے پہلے سیشن میں امریکی اسنو بورڈ ماہر ڈونا کارپینٹر شریک ہوئیں، جو برٹن اسنو بورڈز کی بانی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی صدر ہیں۔ اس کے علاوہ، امریکی اسپورٹس ایکسچینج پروگرام کی ایلومنائی اور پاکستانی کھلاڑی ثمر خان نے بھی تقریب میں حصہ لیا۔ یہ تقریب 28 جنوری کو یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان کی نئی عمارت میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں مقررین نے نوجوانوں کی ترقی میں کھیل اور اسپورٹس انٹرپرینیورشپ کے کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں قیادت، ٹیم ورک اور استقامت جیسی مہارتیں فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے منسٹر قونصلر اینڈی ہاس نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے اور کھیل و انٹرپرینیورشپ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
فریڈم 250 سیریز کے تحت آئندہ بھی امریکی ماہرین کے لیکچرز منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو جدید کاروباری اور ڈیجیٹل مواقع سے روشناس کروایا جا سکے۔
نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل معیشت پر لیکچر سیریز کا آغاز، امریکی سفارتخانہ کا اقدام








