بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ایم ای سی ٹیم کا کریم آباد انڈرپاس منصوبے کا معائنہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کی مانیٹرنگ اینڈ ویلیوئیشن سیل (ایم ای سی) کی ٹیم نے کریم آباد انڈرپاس منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق آر ایم ای او (ایم ای سی) اورنگزیب وسطڑو کی قیادت میں مانیٹرنگ ٹیم نے منصوبے کی پیش رفت، کام کے معیار اور رفتار کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر تکنیکی ماہرین نے تعمیراتی معیار اور موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ضلع وسطی میں اے ڈی پی اسکیم کے تحت چار رویہ کریم آباد انڈرپاس 3 ارب 810 ملین روپے سے زائد لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے پر اب تک 85 فیصد فزیکل کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ 81.27 فیصد مالی اخراجات استعمال کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوامی ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کریم آباد انڈرپاس منصوبے میں تاخیر کی بنیادی وجہ کے الیکٹرک کی یوٹیلیٹیز کی منتقلی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر یوٹیلیٹیز کی منتقلی کا عمل مکمل کرے۔
مزید برآں وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کے الیکٹرک سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ یوٹیلیٹیز کی منتقلی فروری 2026 کے پہلے ہفتے تک ہر صورت مکمل کی جائے جبکہ کریم آباد انڈرپاس منصوبہ مارچ 2026 تک مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے۔