راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے میگا مالیاتی اسکینڈل کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کو آر ڈی اے کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کنزہ مرتضی کو اب ڈائریکٹر جنرل بارانی ایریا ڈویلپمنٹ ایجنسی آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔
کنزہ مرتضی کے دور میں آر ڈی اے کی تاریخ کا دو ارب روپے سے زائد کا میگا مالیاتی اسکینڈل سامنے آیا۔ نیب نے ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضی، سات سابقہ ڈی جی اور دیگر افسران سمیت 48 افراد کی جائیدادوں کی تفصیلات لاہور، کراچی، ملیر، گوادر، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سی ڈی اے سے طلب کر رکھی ہیں۔
چیف سیکرٹری کی قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
نیب کے مطابق آر ڈی اے کے مالیاتی اسکینڈل میں اہم پیش رفت ہو چکی ہے، دو افراد جیل جا چکے ہیں جبکہ ایک نے پلی بارگین کر لی ہے۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ آر ڈی اے کے آفیشل اکاؤنٹ سے دو ارب روپے سے زائد رقم سی ڈی آر کے ذریعے منتقل کی گئی، جبکہ کنٹریکٹر سیکورٹی ڈپازٹ اکاؤنٹ سے بھی دیگر اکاؤنٹس میں رقوم ٹرانسفر کی گئی ہیں۔
اس وقت راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کنٹرول والے علاقے میں 143 غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمیں فعال ہیں۔
میگا مالیاتی اسکینڈل: ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہٹا دی گئی، کمشنر عامر خٹک کو اضافی چارج








