ایران کے مصروف تجارتی شہر بندرعباس کے بعد ایک اور ہولناک واقعے نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبے خوزستان کے شہر اہواز میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا ایک رہائشی عمارت میں ہوا، جس سے قریبی مکانات اور متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکے کی نوعیت حادثاتی محسوس ہوتی ہے۔ مقامی میڈیا نے غیر مصدقہ طور پر دعویٰ کیا ہے کہ دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم اس حوالے سے تاحال سرکاری تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
اس واقعے سے کچھ ہی دیر قبل ایران کے بندرگاہی شہر بندرعباس میں بھی ایک 8 منزلہ رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا تھا، جس میں عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر منہدم ہو گئیں۔ اس دھماکے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوئیں۔
یہ دونوں دھماکے ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کو جوہری معاہدے پر واپس آنے کے لیے بڑی فوجی کارروائی کی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔ اس تناظر میں امریکا کا جنگی بحری بیڑہ آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں میں مصروف ہے جبکہ ایک میزائل بردار جہاز اسرائیلی بندرگاہ ایلات میں لنگر انداز ہو چکا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جب اسرائیلی حکام سے ان دھماکوں کے حوالے سے رابطہ کیا گیا تو دو اعلیٰ عہدیداروں نے واضح کیا کہ ایران میں ہونے والے دھماکوں سے اسرائیل کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی کارروائی پر غور نہیں کیا جا رہا، تاہم اسرائیل اپنے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
دوسری جانب امریکا کی طرف سے بھی ان دھماکوں پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، حالانکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک روز قبل ایران کو ڈیڈ لائن دینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ایران نے بھی فوری طور پر ان واقعات کا الزام امریکا یا اسرائیل پر عائد نہیں کیا ہے۔
صورتحال پر خطے بھر میں گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
بندرعباس کے بعد ایران کے شہر اہواز میں بھی خوفناک دھماکا، 4 افراد جاں بحق








