لاہور:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کر کے انہیں پسپا کرنے والی سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستان بلوچستان ہے، جبکہ ہر پاکستانی بلوچستان اور وہاں کے عوام سے بے پناہ محبت کرتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت کی جائے گی اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خون کی ایک ایک بوند کا حساب لیا جائے گا اور پوری قوم دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والے عناصر کسی نرمی کے مستحق نہیں اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کا نہ دین سے تعلق ہے اور نہ ہی کسی قومیت سے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے ملک کے عوام بلوچستان کے محب وطن شہریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے مذہبی حوالے دیتے ہوئے کہا کہ قرآن و سنت میں ملک و قوم سے بغاوت اور بے گناہ افراد، عورتوں اور بچوں پر حملوں کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اسلام کی تعلیمات امن، تحفظ اور انسانیت کے احترام کا درس دیتی ہیں، اور ان تعلیمات کی کھلی خلاف ورزی کرنے والے عناصر اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت جواب دیا جائے گا۔









